تحریکِ انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کے جہلم کے حلقے سے کاغذاتِ نامزدگی مسترد

تحریکِ انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کے جہلم کے حلقے سے کاغذاتِ نامزدگی مسترد

تحریکِ انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کے جہلم کے حلقے سے کاغذاتِ نامزدگی ... 27 جون 2018 (17:28) 5:28 PM, June 27, 2018

الیکشن ٹریبونل نے 'جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی' کے امیدوار فخر عباس کاظمی کی اپیل منظور کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کے جہلم کے حلقے سے کاغذاتِ نامزدگی بھی مسترد کردیے ہیں۔

فخر عباس کاظمی نے فواد چوہدری کے خلاف دائر درخواست میں کہا تھا کہ فواد چوہدری نے زرعی ٹیکس ادا نہیں کیا اور ان کا شناختی کارڈ میں نام فواد احمد لکھا ہے۔

البتہ تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ہے۔

چیئرمین عمران خان اپنے وکیل بابر اعوان کے ہمراہ بدھ کو ایپلٹ ٹریبونل میں پیش ہوئے اور اپنے کاغذاتِ نامزدگی کی شق این کے خانے میں تحریر کو مکمل کیا۔

عمران خان نے شق این میں تحریر کیا کہ انہوں نے حلقے کے عوام کے فائدے کے لیے کینسر اسپتال بنایا، نمل یونیورسٹی بنائی اور عوام کو آئینی حقوق کی جدوجہد کرنے کا شعور دیا۔

اس پر جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایپلٹ ٹریبونل نے عمران خان کے خلاف اٹھائے جانے والے تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 اسلام آباد ٹو سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

پاکستان میں عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے۔ کاغذاتِ نامزدگی کے خلاف اپیلوں پر فیصلوں کا بدھ کو آخری دن تھا۔

جمعرات کو مختلف حلقوں سے امیدواروں کی حتمی فہرستیں آویزاں کردی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں