مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں نے مولانا فضل الرحمٰن کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کردیا

مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں نے مولانا فضل الرحمٰن کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کردیا

مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں نے مولانا فضل الرحمٰن کو اپنا صدارتی ... 27 اگست 2018 (15:28) 3:28 PM, August 27, 2018

پاکستان میں حزبِ اختلاف کی جماعتوں کے مابین صدارتی انتخاب میں متفقہ امیدوار کے نام پر اختلافات دور نہ ہونے پر مسلم لیگ ( ن ) اور اس کی اتحادی جماعتوں نے متحدہ مجلسِ عمل کے صدر اور جمعیت علماءِ اسلام کے (ف) سربراہ مولانا فضل الرحمٰ ن کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کردیا ہے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے صدارتی انتخاب میں پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کو امیدوار نامزد کیا گیا تھا تاہم مسلم لیگ ( ن ) نے ان کے نام پر تحفظات ظاہر کیے تھے۔

گزشتہ روز ہونے والے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کا نام واپس لینے سے انکار کردیا تھا۔

مسلم لیگ ( ن ) نے حزبِ اختلاف کے متفقہ صدارتی امیدوار کے لیے رضا ربانی اور یوسف رضا گیلانی کا نام تجویز کیا تھا تاہم پیپلز پارٹی اعتزاز احسن کے نام سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں تھی۔

اس پر مسلم لیگ ( ن ) نے مولانا فضل الرحمٰ ن کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کردیا ہے جنہیں متحدہ مجلسِ عمل اور عوامی نیشنل پارٹی کے علاوہ مسلم لیگ ( ن ) کی اتحادی جماعتوں نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی حمایت بھی حاصل ہے۔

مولانا فضل الرحمٰ ن کی نامزدگی کے بعد صدارتی انتخاب کے لیے تین امیدوار میدان میں آگئے ہیں جن میں حکمران جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی اور پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار بیرسٹر اعتزاز احسن شامل ہیں۔

تینوں نامزد امیدواروں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے۔

صدارتی انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق امیدوار کاغذاتِ نامزدگی پیر کو دن 12 بجے تک پریزائیڈنگ افسران کے پاس جمع کراسکتے تھے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ اور چاروں صوبائی ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان پریزائیڈنگ افسران ہیں۔

پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔

ان کے ہمراہ پی پی پی کے رہنما خورشید شاہ، شیری رحمان، نوید قمر اور قمر زمان کائرہ بھی تھے۔

مولانا فضل الرحمٰ ن کے کاغذاتِ نامزدگی بھی ان کے وکیل نے پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے۔

اس موقع پر مسلم لیگ ( نمتحدہ مجلسِ عمل، اے این پی، نیشنل پارٹی اور پی کے میپ کے رہنما بھی موجود تھے۔

تحریکِ انصاف کے نامزد امیدوار ڈاکٹر عارف علوی نے بھی اپنے کاغذاتِ نامزدگی اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے۔

پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کا نام واپس لینے سے انکار کردیا ہے۔

متعلقہ خبریں