اڈیالہ جیل میں قید نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے ان کے اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں کی ملاقات

اڈیالہ جیل میں قید نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے ان کے اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں کی ملاقات

اڈیالہ جیل میں قید نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے ان کے اہل ... 20 جولائی 2018 (12:18) 12:18 PM, July 20, 2018

اڈیالہ جیل میں قید نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے ان کے اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی ہے۔ تاہم، ان کی وکلا سے ملاقات منسوخ کردی گئی ہے۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں آج قیدیوں سے ملاقات کا دن تھا جس کے پیش نظر سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے لئے گورنر سندھ محمد زبیر اور راجہ ظفرالحق سمیت دیگر لیگی رہنما جیل پہنچے۔سابق وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والوں میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق وزیر دفاع خرم دستگیر، سابق گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب عباسی، سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔ جیل ذرائع کے مطابق، نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست میں شریف خاندان کے17 جبکہ 23 (ن) لیگی رہنما شامل تھے۔ نواز شریف سے ملاقات کے لئے کارکنان کی بڑی تعداد اڈیال جیل پہنچی تھی جہاں انہوں نے نعرے بازی بھی کی جبکہ نواز شریف سے ملاقاتیوں کی آمد کے موقع پر جیل کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث اور مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کی آج ملاقات طے تھی جو منسوخ کردی گئی جبکہ جیل حکام نے وکلا سے کہا ہے کہ ملاقات کے لئے نئے وقت سے متعلق بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔وکیل امجد پرویز کا کہنا تھا کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر سے ملاقات کی درخواست کی تھی اور جیل حکام نے دن گیارہ بجے ملاقات کا وقت خود طے کیا۔ تاہم، جیل پہنچنے پر فون کرکے آگاہ کیا گیا کہ آج ملاقات نہیں کرائی جا سکتی۔

متعلقہ خبریں