
کویت میں پارلیمنٹ مقدمہ میں ملزمان کو 3 برس قید با مشقت کی سزا
08 جولائی 2018 (22:52)کویت میں کورٹ آف کیسیشن نے اتوار کے روز اپنے فیصلے میں پارلیمنٹ میں داخلے کے مقدمے میں ملزمان کو 3 برس قید با مشقت کی سزا سنا دی۔ علاوہ ازیں رکن پارلیمنٹ محمد المطیر کی جانب سے کی جانے والی اپیل کو بھی قبول نہیں کیا گیا۔
مقدمے کا فیصلہ 6 مئی تک کے لیے محفوظ کر لیا گیا تھا۔ بعد ازاں اس کا اعلان 8 جولائی تک ملتوی کر دیا گیا،مقدمے کا تعلق اس واقعے سے ہے جب 16 نومبر 2011ء کو اپوزیشن کے سیکڑوں ارکان پارلیمنٹ کی عمارت میں داخل ہو گئے، انہوں نے وزیراعظم الشیخ ناصر محمد الصباح پر بدعنوانی کے الزامات عائد کیے اور ان کی فوری برطرفی کا مطالبہ کیا۔الشیخ ناصر نے اس واقعے کے دو ہفتے بعد وزارت عظمی کے منصب سے استعفا دے دیا اور نئی حکومت تشکیل دے دی گئی۔ بعد ازاں کویت کے امیر الشیخ صاح الاحمد الصباح نے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا حکم جاری کیا اور نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا۔